
ثاقب خان کی ڈیبیو ٹیسٹ میں تباہ کن بولنگ، سری لنکا کے 7 کھلاڑی شکار کر لیے
راولپنڈی: پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر ثاقب خان نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کے خلاف سات وکٹیں حاصل کر لیں، تاہم بارش اور خراب روشنی کے باعث پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز کا کھیل متاثر رہا۔
راولپنڈی میں جاری پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز ثاقب خان کی تباہ کن بولنگ کے سامنے سری لنکن بیٹنگ لائن سنبھل نہ سکی اور مہمان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 446 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سری لنکا نے تیسرے روز کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 404 رنز بنائے تھے۔
ثاقب خان نے 130 رنز دے کر 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ان کی عمدہ بولنگ کی بدولت سری لنکا نے اپنے آخری 6 وکٹیں صرف 42 رنز کے اضافے پر گنوا دیں۔
ثاقب خان نے اہم بلے بازوں کو نشانہ بنایا
ثاقب خان نے دن کے پہلے ہی اوور میں سری لنکا کے تجربہ کار بلے باز دھننجایا ڈی سلوا کو وکٹوں کے پیچھے غازی غوری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ ڈی سلوا اپنے گزشتہ روز کے 167 رنز میں مزید کوئی اضافہ نہ کر سکے۔ انہوں نے 405 منٹ کی طویل اننگز میں 20 چوکے لگائے۔
اس کے بعد سری لنکن کپتان کوسل مینڈس بھی ثاقب خان کا شکار بن گئے۔ وہ گزشتہ روز کے 117 رنز میں صرف 2 رنز کا اضافہ کر سکے اور 119 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کی پانچ گھنٹے طویل اننگز میں 10 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔
دھننجایا ڈی سلوا اور کوسل مینڈس نے پانچویں وکٹ کے لیے 249 رنز کی اہم شراکت قائم کی تھی، تاہم ثاقب خان نے اس شراکت کا خاتمہ کرتے ہوئے پاکستان کو میچ میں واپس آنے کا موقع فراہم کیا۔
ثاقب خان نے پانچویں وکٹ سونل دنوشا کو آؤٹ کرکے حاصل کی، جو 20 رنز بنانے کے بعد سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔ بعد ازاں انہوں نے آخری نمبروں کے بلے باز لاہیرو کمارا اور اسیتھا فرنینڈو کو بھی پویلین بھیج دیا۔
ڈیبیو پر سات وکٹیں لینے والے چوتھے پاکستانی
اس شاندار کارکردگی کے ساتھ ثاقب خان ٹیسٹ ڈیبیو کی ایک اننگز میں سات وکٹیں حاصل کرنے والے پاکستان کے چوتھے بولر بن گئے۔
ان سے قبل محمد زاہد نے 66 رنز کے عوض 7، محمد نذیر نے 99 رنز دے کر 7 جبکہ ابرار احمد نے 114 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
پاکستان کو 45 رنز کی مجموعی برتری حاصل
سری لنکا کی پہلی اننگز 446 رنز پر ختم ہونے کے بعد پاکستان کو پہلی اننگز میں 12 رنز کا خسارہ برداشت کرنا پڑا۔
جواب میں پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 57 رنز بنا لیے تھے۔ اوپنر طیب عارف 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہیں اسیتھا فرنینڈو نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
کھیل رکنے کے وقت اذان اویس 22 اور محمد طٰہٰ 24 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ پاکستان کو مجموعی طور پر 45 رنز کی برتری حاصل ہو چکی تھی جبکہ اس کی 9 وکٹیں باقی تھیں۔
بارش کے باعث میچ ڈرا ہونے کا امکان
خراب روشنی کے بعد بارش نے دوسرے سیشن کے دوران کھیل روک دیا۔ پاکستان کی دوسری اننگز شروع ہونے کے تقریباً 45 منٹ بعد کھیل ختم کرنا پڑا۔
جمعے کو بھی بارش کی پیش گوئی کے باعث پہلے ٹیسٹ کے ڈرا ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ بھی راولپنڈی میں 17 نومبر سے کھیلا جائے گا، جس میں سیریز کے نتیجے کا فیصلہ متوقع ہے۔
ثاقب خان نے اپنی کامیابی کو محنت کا صلہ قرار دے دیا
دن کے کھیل کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ثاقب خان نے اعتراف کیا کہ پاکستانی بولرز نے گزشتہ روز اچھی بولنگ نہیں کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بولرز کو درست جگہ پر گیند کرنے کا مشورہ دیا، جس پر عمل کرنے سے انہیں کامیابی ملی۔
ثاقب خان نے مزید کہا کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل محنت کر رہے تھے اور اپنے موقع کے منتظر تھے۔ ان کے مطابق ایک ہی دن میں سات وکٹیں حاصل کرنا ان کی طویل اور مسلسل محنت کا صلہ ہے۔
مزید پڑھیں: رضوان اور امام الحق کی تحقیقات، محسن نقوی نے اہم پیش رفت بتا دی





One Comment