
پاکستان اور سری لنکا کے پہلے ٹیسٹ کا چوتھا روز بارش کی زد میں آنے کا خدشہ
راولپنڈی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری پہلے ٹیسٹ کا چوتھا روز بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جہاں جمعرات کی صبح مطلع ابر آلود رہنے جبکہ دوپہر کے وقت موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
موسم کی پیش گوئی کرنے والے ادارے کے مطابق صبح کے اوقات میں درجہ حرارت تقریباً 21 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، جبکہ بارش کے امکانات 25 فیصد بتائے گئے ہیں۔ اس دوران جنوبی اور جنوب مشرقی سمت سے 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
تاہم دوپہر میں موسم کی صورتحال خراب ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران بارش کے امکانات بڑھ کر 92 فیصد تک پہنچ سکتے ہیں، جبکہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ کے آس پاس رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق بارش کی مقدار 14.6 ملی میٹر تک پہنچ سکتی ہے اور بارش تقریباً ڈھائی گھنٹے جاری رہنے کا امکان ہے۔ دن بھر آسمان پر بادلوں کی موجودگی 88 سے 98 فیصد تک رہ سکتی ہے، جبکہ دوپہر میں حدِ نگاہ کم ہو کر 3 کلومیٹر تک آنے کا خدشہ ہے۔
موسمی صورتحال کے پیش نظر چوتھے روز کا دوپہر اور آخری سیشن متاثر ہو سکتا ہے، تاہم صبح کے وقت دونوں ٹیموں کو کھیلنے کا مناسب موقع ملنے کی توقع ہے۔
سری لنکا مضبوط پوزیشن میں
دوسری جانب سری لنکا نے تیسرے روز ابتدائی مشکلات سے نکلتے ہوئے پاکستان کے خلاف میچ میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی۔
مہمان ٹیم نے تیسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 404 رنز بنا لیے تھے اور اسے پاکستان کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 30 رنز درکار تھے۔
سری لنکا کی جانب سے دھننجایا ڈی سلوا 167 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ کپتان کوشل مینڈس 117 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ دونوں بلے بازوں نے پانچویں وکٹ کے لیے ناقابلِ شکست 249 رنز کی شراکت قائم کرکے پاکستانی باؤلرز کو مزید کامیابی حاصل کرنے سے روک دیا۔
کوشل مینڈس نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 11ویں سنچری مکمل کی، جبکہ دھننجایا ڈی سلوا نے اس طرز کی کرکٹ میں 14ویں مرتبہ تین ہندسوں کا ہندسہ عبور کیا۔
کم روشنی کے باعث امپائروں نے تیسرے روز کا کھیل مقررہ وقت سے پہلے ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 106.3 اوورز کھیلنے کے بعد 9 وکٹوں کے نقصان پر 434 رنز بنا کر ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اب چوتھے روز کی صورتحال کا انحصار موسم پر ہوگا، کیونکہ بارش کی پیش گوئی کے باعث میچ کے اہم اوقات میں کھیل رکنے کا امکان موجود ہے۔





One Comment